داعش تنظیم نے خون ریز مناظر پر مشتمل ایک نئی ویڈیو جاری کی جس میں شام کی جیش حر کے ارکان کے سر کاٹتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو میں دھمکی دی گئی ہے کہ امریکا کے زیر تربیت شام میں اپوزیشن جماعتوں سے وابستہ ہونے والے ہر فرد کو موت کے گھاٹ اتارا جائے گا۔
ویڈیو کا دورانیہ 19 منٹ ہے اور اس کو داعش کے پیروکار گروپ "عراق میں ولایت ِ فرات" نے جاری کیا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ جیش حر کے مذکورہ عناصر کو عراق کی سرحد کے نزدیک شام کے شہر البوکمال میں داعش کے خلاف کارروائیوں کے دوران
حراست میں لیا گیا۔
ویڈیو میں داعش شام پر حکمرانی کے عزم کا ذکر کر رہے ہیں اور ساتھ ہی امریکا پر الزام بھی عائد کر رہے ہیں کہ وہ مشرق وسطیٰ پر قبضے کی کوشش کر رہا ہے۔
ویڈیو کے آخر میں سیاہ کپڑوں میں ملبوس داعش کے دہشتگردوں نے شام کی جیش حر کے ارکان کو جو نارنجی لباس پہنے ہوئے تھے، ایک صحرائی علاقے میں زمین پر لٹایا اور پھر چھوٹے حجم کے چھروں کے ساتھ ان کے سر تن سے جدا کر ڈالے۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں داعش نے عراقی فوج کے اہل کاروں کے اجتماعی قتل کا ارتکاب کیا تھا۔